الہ آباد ۔(ملت آن لائن) الہ آباد یونیورسٹی نے شمسی توانائی سے استفادہ کرنے والی ملک کی پہلی یونیورسٹی کا درجہ حاصل کر لیا۔ یونیورسٹی رابطہ عامہ افسر چترنجن کمارنے بتایا کہ وائس چانسلر پروفیسر رتن لال ہانگلو نےشعبہ وکالت کی چھت پرشمسی توانائی پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی متبادل توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہوگئی۔چترنجن نے بتایا کہ بجلی کا استعمال کم کرنے اورشمسی توانائی کے فروغ کے لئے اس پروجیکٹ کاآغاز سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا کے ہدایت کے مطابق یونیورسٹی میں جون 2018 میں کیا گیا تھا جسے 5ماہ میں ہی یو نیورسٹی نے مکمل کردیا۔ اب یونیورسٹی کی تمام 23 عمارتوں پر شمسی توانائی پینل نصب کردیئے گئے ہیں۔چترنجن کمار نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں ایسے 4426 پینل لگائے گئے ہیں۔اس شمسی پروجیکٹ سے یونیورسٹی میں یومیہ 6000 یونٹ بجلی پیدا ہوگی جس س یونیورسٹی کوماہانہ تقریبا 20 لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ اوراتواریونیورسٹی بند رہنے پراضافی بجلی الہ آباد شہر کو سپلائی کی جائے گی۔