خبرنامہ انٹرنیشنل

اماراتی وزیر کے ہتک آمیز ٹوئٹ پراردوان کو غصہ آگیا

اماراتی وزیر کے ہتک آمیز ٹوئٹ پر اردوان کو غصہ آگیا
استنبول(روزنامہ دنیا )ترکی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کی طرف سے طیب اردوان کے آباؤ اجداد کو برا بھلا کہنے پر امارات کے سینئر سفارت کار کو انقرہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔ ترک ٹی وی کے مطابق امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کو ری ٹوئٹ کیا تھا جس میں صدر طیب اردوان کے آباؤ اجداد پر تاریخی غلط کاری کا الزام لگایا گیا تھا۔ پوسٹ کے مطابق 20 ویں صدی کے اوائل میں سابق عثمانی گورنر فخر الدین پاشا نے حج کے دوران مدینہ میں لوگوں کو اغوا کیا اور لوٹ مار کی، گورنر پر تاریخی نوادارت کی چوری کا بھی الزام لگایا گیا۔ اصل ٹوئٹ جو کہ وزیر خارجہ کے مداح ڈاکٹر علی عراقی نے کی اس میں کہا گیا تھا کہ ترک فوجیوں نے مدینہ کے مکینوں کو اغوا کیا اور انہیں استنبول لے گئے۔ یہ اغوا کار طیب اردوان کے آباؤ اجداد تھے اور یہ ان کی عرب مسلمانوں سے متعلق تاریخ ہے۔ امارات کے وزیر خارجہ کے ری ٹوئٹ پر صدر طیب اردوان نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ انقرہ میں خطاب کے دوران اردوان نے اماراتی وزیر خارجہ کا نام لیے بغیر کہا وہ یقیناً بے خبر ہیں۔ پیسے کے نشے میں دھت ایک شخص اتنا نیچے گر چکا ہے کہ وہ ہمارے آباؤ اجداد پر چوری کا الزام عائد کرتا ہے، کتنا گھٹیا شخص ہے، یہ تیل اور پیسے سے برباد ہو چکا ہے ۔ اردوآن نے مزید کہا جب میرے آباؤ اجداد مدینہ کا دفاع کر رہے تھے اس وقت تمہارے آباؤاجداد کہاں تھے ؟ پہلے تم اس کا جواب دو۔