خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا، نابینا ماں کی بیٹی کوعروسی جوڑے میں دیکھنے کی خواہش پوری ہوگئی

واشنگٹن( آن لائن ) امریکی ماہرین نے 2 سال قبل بصارت سے محروم خاتون کے لیے خصوصی چشمہ تیار کیا جس کی مدد سے وہ دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو گئیں اور اس طرح خاتون کی اپنی بیٹی کو شادی کے جوڑے میں دیکھنے کی خواہش بھی پوری ہوگئی۔’’جوہاک ‘‘ نامی امریکی خاتون 2 سال قبل بصارت سے محروم ہو چکی تھیں اور انہیں دوبارہ دیکھنے کے قابل بننے کے لیے ای سائٹ گلاسز کی ضرورت تھی۔ نابینا افراد کے لیے تیار کیا جانے والا یہ چشمہ کوئی معمولی چشمہ نہیں ہوتا۔ اسے خصوصی طور پر تیار کرنا پڑتا ہے جس پر لگ بھگ 15 ہزار امریکی ڈالر کی لاگت آتی ہے۔خاتون نے یہ رقم ایک آن لائن مہم کے ذریعے جمع کی۔ انہوں نے اپنی داستان اور خواہش آن لائن لوگوں کے سامنے پیش کی جسے پڑھنے کے بعد لوگوں نے ان کی بھرپور مدد کی اور چشمے کے اخراجات چند دنوں میں ہی جمع ہو گئے۔ آخر کار جب خاتون نے اپنے خاوند کے ساتھ سیڑھیاں اترتے عروسی جوڑے میں ملبوس بیٹی کو دیکھا تو ان کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے تھے اور جن آنکھوں میں کچھ روز قبل بینائی نہ تھی اب اْن آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ خاتون کا کہنا ہیکہ انسان کو کبھی بھی اپنے خواب حاصل کرنے کی امید نہیں چھوڑنی چاہیے کیونکہ ایک دن آپ کا خواب ضرور پورا ہوتا ہے۔ ۔#/s#