خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا اورکینیڈا میں ترکی کی حمایت میں مارچ ،ہزاروں افراد کی شرکت

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ترکی کی حمایت میں “امن و تعاون مارچ” میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ امریکی قومی کمیٹی کے زیر اہتمام مارچ وائٹ ہاوس کے سامنے سے شروع ہوکر ترک سفارتخانے کے سامنے اختتام پذیر ہوا۔اس مارچ میں ترک قومی اسمبلی کے ترک امریکا دوستی گروپ کے سربراہ علی سارے قایا، بعض ممبران اسمبلی، امریکا میں ترکی کے سفیر سردار کلچ اور امریکی مسلمانوں کی کونسل کے سیکرٹری جنرل اْسامہ جمال نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ 1915ء کے واقعات سے متعلق دعووں اور اسلام فوبیا، غیر ملکی دشمنی اور شامی مہاجرین کی صورتحال پر توجہ حاصل کرنے کے لئے منعقدہ اس مارچ میں ترک تارکینِ وطن سمیت امریکا میں مقیم ترکی کے دوست ملکوں کے شہریوں نے بھی شرکت کی۔دوسری جانب کینیڈا میں مقیم ترک باشندوں نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ہزاروں کی تعداد میں ترک شہریوں نے بڑے بڑے قومی پرچم اور آرمینیائی دعووں کے خلاف تحریروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا کر مارچ میں شرکت کی ۔