واشنگٹن:(آئی این پی)امریکا اور چین نے شمالی کوریا کی جوہری ہتھیاروں کے تجربات کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے صدور کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ واشنگٹن میں جاری نیوکلیئر سمٹ میں پچاس ممالک کے رہنما دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاو کو روکنے کیلئے جمع ہیں۔ سمٹ کے دوران امریکا اور چینی صدور کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سربراہان نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے عالمی سطح پر تعاون کو بڑھانے ،مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ملاقات میں شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے تجربات کو روکنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ میں نے اور چینی صدر نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے۔جبکہ ڑی چن پنگ کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے مل کر کام کرے۔ ایٹمی سربراہ اجلاس کے چوتھے سال جاپان،کینیڈا،سنگاپور،برطانیہ ،اٹلی،ترکی ،جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں جبکہ روس نے امریکا کی سربراہی میں اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔