خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا بھر میں مظاہرے

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45ویں صدر کا حلف اٹھالیا لیکن ان کی حلف برداری سے قبل امریکا بھر میں مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے تاہم حلف برداری کی تقریب سے قبل امریکا بھر میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کیے گئے، دارالحکومت واشنگٹن میں ٹرمپ کے مخالفین کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مرچی کے اسپرے کا استعمال کیا۔ واشنگٹن میں نیشنل پریس کلب کے باہر بھی ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کیے گئے جب کہ نیو یارک میں ٹرمپ ٹاور کے باہر اور دیگر علاقوں میں بھی سیکڑوں افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی، امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہونے والے دیگر مظاہروں میں مظاہرین کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ کے بھی واقعات دیکھنے میں آئے تاہم ان میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل نومبر میں بھی صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکا بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور ہزاروں افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔ گزشتہ سال نومبر میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سابق صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کو شکت دیکر امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔