خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا روس اور چین میں جدید چھوٹے جوہری ہتھیاروں کی تیاری

نیو یارک:(اے پی پی) امریکا روس اور چین کی طرف سے جدید ‘ چھوٹے اور کم تباہی لانے والے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سرد جنگ کے زمانے کی اسلحہ کی دوڑ دوبارہ شروع کرسکتی ہے۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کم تباہی پھیلانے والے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ بڑے پیمانے پر تباہی لانے والے جوہری ہتھیاروں سے کہیں زیادہ ہے۔ دفاعی ماہرین کا ایک گروہ اس صورتحال کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے غیر لچکدار رویے کو قرار دیتا ہے تو دوسرا گروہ ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت چین کی طرف سے امریکا کو اپنے امور میں مداخلت سے باز رکھنے کے لئے فوجی طاقت میں اضافے کی پالیسی کو قرار دیتا ہے دفاعی ماہرین کا ایک اور گروہ اس سلسلہ میں امریکا کو ہی مورد الزام ٹھہراتا ہے جو اپنے جوہری اسلحہ کو جدید بنانے پر کام بڑے جوش و خروش سے جاری رکھے ہوئے ہے جو ہری اسلحہ کی نئی دوڑ شروع ہونے کے خدشات کا اظہار امریکی صدر براک اوباما بھی رواں ماہ کے آغاز میں منعقد ہونے والے عالمی سربراہ اجلاس کے موقع پر کرچکے ہیں۔