خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ کر جلد دوسرا بڑا آئل پروڈیوسر بن جائیگا، رپورٹ

امریکا سعودی عرب کو پیچھے

امریکا سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ کر جلد دوسرا بڑا آئل پروڈیوسر بن جائیگا، رپورٹ

پیرس:(ملت آن لائن) بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے کہا ہے کہ امریکا تیل کی پیداوار میں سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ کر جلددوسرا بڑا آئل پروڈیوسر بن جائیگا۔ جمعہ کے روز جاری کردہ اپنی ماہانہ رپورٹ میں آئی ای اے نے کہاکہ امریکی پیداوار 9.9 ملین بیرل تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ 50سال کی بلند ترین سطح ہے جب کہ رواں سال امریکا کے لیے ریکارڈ ساز ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ روس فی الوقت 1.1 ملین پیداوار کے ساتھ پہلے اور سعودی عرب 10 ملین یومیہ پیداوار کے ساتھ دنیا کا دوسرا بڑا کروڈ آئل پروڈیوسر ہے۔ رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتیں 70 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کمپنیوں نے شیل آئل کی پیداوار بھی بڑھا دی ہے۔

……………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…ترک فوج نے شام میں زمینی آپریشن بھی شروع کر دیا

دمشق / انقرہ / بیروت:(ملت آن لائن) ترک فوج کے شمالی شام میں کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر گزشتہ روز بھی حملے جاری رہے جبکہ ترک فوج نے شام میں زمینی آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔ ترک فوج کی جانب سے شام میں زمینی آپریشن عفرین میں شروع کیا گیا ہے، جس کے بعد جلد ہی اگلی باری منبج کی ہو گی، ترک فوج کے ٹینک اور دیگر جنگی ساز و سامان کو شام کے ساتھ ملکی سرحد کی طرف بھیجا جا رہا ہے جب کہ صدر اردوان نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا اس آپریشن کیلیے ترک فوجی دستے سرحد پار کر کے شام کے ریاستی علاقے میں داخل ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز ترک فوج کے متعدد ٹینک اور بکتربند گاڑیاں شام میں داخل ہوگئی ہیں، ترک فوج کے مطابق یہ حملے عفرین سے گولے داغے جانے کا رد عمل ہے، ایک روز قبل ہی ترک وزیر دفاع نورالدین جان کِلی نے کہا تھا کہ عفرین پر ابھی صرف شیلنگ شروع کی گئی ہے اور اس شامی علاقے میں موجود تمام دہشت گردانہ نیٹ ورکس اور عناصر کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ ترک صدر اردوان نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ترک فوج نے شمالی شام میں زمینی آپریشن بھی شروع کردیا ہے تاکہ کرد ملیشیا کا خاتمہ کیا جا سکے جب کہ امریکی حکام نے ترک فوج کی شام میں مداخلت کو ایک بار پھر مستردکردیا۔ دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگی لافروف نے کہا کہ شمالی عفرین میں کفرجنہ اور اطراف میں موجود روسی فوج کو وہاں سے نہیں نکالا گیا، انھوں نے عفرین سے روسی فوج کی نبل اور الزھرا کی طرف نکالے جانے کی اطلاعات کی تردید کی ہے، لبنان میں شدید سردی کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 10شامی مہاجرین ہلاک ہو گئے۔