خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا شمالی کوریا سے مذاکرات پر تیار تھا،اخبارکادعویٰ

نیویارک:(آئی این پی)ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ ایٹمی تجربے سے پہلے شمالی کوریا سے مذاکرات پر تیار تھی ، اس کا مقصد شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔امریکی اخبار کے مطابق جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا خفیہ طور پر یہ شرط ختم کرنے پر بھی تیار تھا کہ مذاکرات سے پہلے شمالی کوریا اپنے ایٹمی اسلحے میں کمی لائے، اس کے برعکس امریکا نے مذاکرات میں ایٹمی ہتھیاروں کا معاملہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھالیکن گزشتہ ماہ شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کے بعد مذاکرات کی یہ کوششیں ختم ہوگئی تھیں ۔امریکی محکمہ خارجہ نے بھی ان خفیہ سفارتی کوششوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب امریکا کے طویل المدت مقاصد کے تحت کیا گیا تھا۔