خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا شمالی کوریا کا میزائل نہیں گرائے گا،ایش کارٹر

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر نے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا کا کوئی میزائل خطرے کا باعث نہیں بنتا تو امریکا اس پر جوابی وار نہیں کرے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایش کارٹر نے بحیثیت وزیرِ دفاع اپنی آخری پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر امریکا کو ذرا سا بھی شبہ ہوا کہ یہ میزائل کسی طرح کے خطرے کا باعث بن سکتا ہے تو وہ اس کو مار گرائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ میزائل بے ضرر ہے تو غالباً ہم کچھ نہیں کریں گے، بلکہ یہ ہمارے لیے زیادہ بہتر ہو گا کہ ہم اپنے دفاعی مواد کو ضائع نہ کریں اور یہ معلوم کریں کہ اس میزائل کا رخ کس طرف ہے اور کیوں ہے۔اس پریس کانفرنس میں شامل امریکی فوج کے میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بھی ایش کارٹر کے بیان کی حمایت کی۔ جوزف ڈنفورڈ نو منتخب امریکی صدر کی انتظامیہ میں سب سے اعلی درجے کے فوجی افسر ہوں گے۔