خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا عالمی اداروں کو ایران کے خلاف استعمال کرنے میں ناکام رہا ہے، حسن روحانی

امریکا عالمی اداروں کو ایران کے خلاف استعمال کرنے میں ناکام رہا ہے، حسن روحانی

تہران(ملت آن لائن) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک کی خارجہ پالیسی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عالمی اداروں کو ایران کے خلاف استعمال کرنے میں ناکام رہا ہے۔ایرانی ٹی وی کے مطابق ایوان صدر میں کابینہ کے ارکان اور اعلی عہدیداروں سے نوروز کی پہلی ملاقات میں صدرحسن روحانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا نے اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف نئے معاملات اٹھانے کی بھرپور کی کوشش کی تاہم اسے ہر بار شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔انہوں نے ایران کی جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کرنے کے بارے میں آئی اے ای اے کی اب تک کی رپورٹوں کو سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایٹمی معاہدے کو کمزور اور سبوتاژ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے دنیا کے اکثر ملکوں کی جانب سے ایران کے موقف کی واضح حمایت ہماری خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔صدر ایران کا کہنا تھاکہ زیادہ تر ہمسایہ ملکوں اور خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ تہران کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے اہم اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔صدر حسن روحانی نے نئے فارسی سال کے دوران اپنی حکومت کی ترجیحات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افراط زر کو مزید کم کرنا، روزگار کی فراہمی، سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو سازگار بنانا، تیل پر معیشت کا انحصار کم کرنا، ایرانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ اور دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ مناسب اقتصادی تعلقات کا قیام، ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔