خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا :معذورپاکستانی طالبعلم سےاعترافی بیان پردستخط کروالئےگئے

واشنگٹن: (اے پی پی) امریکا میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت کا بدترین واقعہ پیش آیا ہے ، معذور پاکستانی بچے سے سکول انتظامیہ نے زبردستی داعش سے تعلق کے اعترافی بیان پر دستخط کرا لیا ۔ بچے کے والدین نے انتطامیہ کے خلاف پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کر دیا ہے ۔ امریکا میں مسلمان مخالف واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ نیویارک میں معذور پاکستانی بچے نشوان سے سکول انتظامیہ نے داعش سے تعلق کا اعترافی بیان زبردستی حاصل کیا ۔ سکول انتظامیہ نے معذور نشوان سے ایک ایسے بیان پر دستخط کرائے جس میں دہشت گرد ہونے داعش سے تعلق اور سکول کو بم دھماکے سے تباہ کرنے کی بات لکھی ہوئی تھی ۔ بیان حاصل کرنے کے بعد نشوان کو سکول سے نکال دیا گیا ۔ نشوان کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو نسلی اور مذہبی امتیاز کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی معذوری کا بھی مذاق اڑایا گیا ۔ نشوان کے والدین نے سکول انتظامیہ کے خلاف پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کر دیا ہے ۔