خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا: ملزم نے کنسرٹ کے شرکا پر فائرنگ منصوبہ بندی سے کی

امریکا: ملزم نے کنسرٹ کے شرکا پر فائرنگ منصوبہ بندی سے کی
لاس ویگاس(ملت آن لائن)امریکی حکام نے لاس ویگاس میں فائرنگ کر کے 58 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کے ہوٹل کے کمرے تصاویر جاری کردیں جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو ہلاک کیا۔

امریکی حکام نے کنسرٹ پر فائرنگ کرنے والے ملزم اسٹیفن پیڈک کے کمرے کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیفن پیڈوک مردہ حالت میں پڑا ہے جب کہ کمرے میں موجود اسلحہ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق اسٹیفن پیڈوک نے منصوبہ بندی کے تحت کنسرٹ کے شرکا کو نشانہ بنایا جس کے کمرے سے مختلف قسم کی 23 رائفلیں برآمد ہوئیں۔
فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس کمرے میں 4 ڈی ڈی ایم فور رائفلیں، 3 ایف این 15 رائفلیں، ایک اے کے 47، ایک کولٹ اے آر 15 جبکہ ایک رائفل کو خصوصی طور پر آٹو میٹک بھی بنایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ہوٹل کے اس کمرے کا انتخاب کیا جو میوزک فیسٹیول کے شرکا کے بالکل سامنے تھا جہاں سے ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹیفن پیڈوک نے منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کی تاہم اب تک فائرنگ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹیفن نے اپنے کمرے اور اس کی راہداری میں کیمرے بھی نصب کر رکھے تھے جہاں سے وہ کمرے کی طرف آنے والے لوگوں کو باآسانی دیکھ سکتا تھا۔

اسٹیفن پیڈوک کی گرل فرینڈ میرلو ڈینلے فائرنگ کے واقعے کے وقت فلپائن میں موجود تھیں جو لاس اینجلس پہنچیں تو ایف بی آئی نے انہیں اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ شروع کردی۔

دوسری جانب حملے میں 500 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ شہری زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دے رہے ہیں۔

متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے واقعے کے مقام پر عوام کی جانب سے شمعیں جلانے اور پھول رکھنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔