خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد، سیکڑوں پروازیں منسوخ

امریکا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد، سیکڑوں پروازیں منسوخ

نیویارک: (ملت آن لائن) امریکا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد ہوگیا، سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں، شکاگو، ڈیٹرائٹ، نیویارک میں اسکول بند کر دیئے گئے۔ برفانی طوفان کے باعث امریکا کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں نو انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ برفانی طوفان کے باعث شکاگو ہائی وے پر درجنوں گاڑیوں کو حادثات پیش آئے، مغربی ریاستوں میں برف باری کے باعث سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔ شدید موسم کے باعث شکاگو اور ڈیٹرائٹ میں اسکول بند کر دیے گئے۔ طوفان کے باعث مشرقی ریاستوں نیویارک اور نیوانگلینڈ میں بھی کئی انچ تک برف باری ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق، ان ریاستوں میں آئندہ دو روز کے دوران مزید برف باری متوقع ہے۔

…………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…افغان صدر نے 7 اعلیٰ فوجی افسر معطل، 164 جرنیل ریٹائر کر دیے

کابل:(ملت آن لائن) افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل میں حملوں کی تعداد میں بتدریج اضافے کی وجہ سے 2 جرنیلوں سمیت 7 اعلیٰ سطحی فوجی حکام کو معطل اور 164 جرنیلوں کو ریٹائر کر دیا۔

صدارتی محل کے ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے حملوں میں اپنے فرائض سے لاپروائی برتنے کی وجہ سے صدرغنی نے2 جرنیلوں سمیت کل7 اعلی فوجی حکام کومعطل کر دیا ہے۔

مرتضوی نے کہا ہے کہ مذکورہ فوجی حکام کو تفتیش کا سامنا کرنا پڑیگا اور جس نے بھی اپنے فرائض سے لاپرواہی برتی ہو گی اسے عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑیگا۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ غنی نے فوج کے شعبے میں نئی اصلاحات کرنے کیلیے 164 جرنیلوں کو رٹائر بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 ہفتے قبل وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب بم سے مسلح ایمبولینس کے ساتھ کیے گئے خود کش حملے میں 103 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔