خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا میں صدارتی انتخابات میں 50دن رہ گئے

امریکا:(اے پی پی) امریکا میں صدارتی انتخابات میں 50دن رہ گئے ہیں ،نیویارک اور نیوجرسی میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد صدارتی امیداروں میں ایک بار پھر الفاظ کی جنگ شروع ہو گئی ۔ ہلیری نے کہا کہ ڈونلڈ داعش کے خلاف جنگ کو اسلام کے خلاف جنگ میں بدلنا چاہتے ہیں جبکہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اوباما اور ہلیری کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ۔ ریاست نیویارک میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ تجربے اور استقامت سے ہی جیتی جاسکتی ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تقریروں کے نتیجے میں داعش جیسی تنظیموں کو تقویت مل رہی ہے ۔ٹرمپ ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں کہ جو اس جنگ کو اسلام کے خلاف جنگ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہا کہ نیویارک اور نیوجرسی کے حالیہ واقعات کلنٹن اور اوباما کی پناہ گزینوں اور دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ۔ ہم ہزاروں کی تعداد میں پناہ گزینوں میں اپنے ملک میں داخل ہونے دے رہے ہیں اور میں یہی کہتا رہا ہوں کہ ہمیں یہ روکنا ہوگا ۔