خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ؛ 20 سے زائد افراد ہلاک

امریکا میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ؛ 20 سے زائد افراد ہلاک

لاس ویگاس(ملت آن لائن) امریکی شہر لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لاس ویگاس کے میڈلے بے ہوٹل کے نزدیک کنٹری میوزک کنسرٹ میں پیش آیا جہاں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد کنسرٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں نے جان بچانے کے لئے بھاگنا شروع کردیا جب کہ فائرنگ کے بعد ہوٹل کو فوری طور پر بند کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر ایک حملہ آور کو مار دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ وہاں کوئی دوسرا حملہ آور موجود نہیں۔

دوسری جانب مسلح شخص کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد لاس ویگاس کے میک کیرن انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازیں روک دی گئیں اور پولیس نے لوگوں کو فائرنگ کے مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر تیزی سے تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنا شروع کردیں۔

کنگ روچ نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشین گن سے طویل فائرنگ کی گئی جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد زمین پر بیٹھ گئی۔