خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا نے شمالی کوریا کے 2 سائنسدانوں پر پابندی لگا دی

امریکا نے شمالی کوریا کے 2 سائنسدانوں پر پابندی لگا دی

واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا نے شمالی کوریا کی 2 نامور شخصیات پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے جب کہ ان شخصیات کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ وہ بیلسٹک میزائل پروگرام کے مرکزی کردار ہیں۔

امریکا کے ٹریژری سیکرٹری اسٹیون نوچن کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے کیا جانے والا اقدام شمالی کوریا پر دباؤ برقرار رکھنے کی مہم کا حصہ ہے تاکہ شمالی کوریا کو تنہا کیا جائے اور پیانگ یانگ کو جوہری صلاحیت سے پاک رکھا جائے۔

امریکی ٹریژری کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والوں میں کم جانگ سک اور ری پیونگ چول شامل ہیں جب کہ رپورٹ کے مطابق کم جانگ سک کا کردار شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو مائع حالت سے ٹھوس ایندھن میں منتقل کرنے کا ہے جب کہ ری پیونگ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پروگرام کے اہم فرد ہیں۔

امریکا کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کے بعد شمالی کوریا کی دونوں شخصیات امریکا کی حدود میں پراپرٹی یا کوئی مفاد نہ رکھ سکیں گے جب کہ ان کا کسی بھی امریکی شہری سے لین دین ممنوع ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ری پیونگ شمالی کوریا کے میزائل پروگرام میں ورکرز پارٹی کے نمائندے ہیں جو کم جانگ ان کے قابل اعتماد مشیر بھی ہیں جنہیں کئی مرتبہ پیانگ یانگ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ان کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔

جب کہ کم جانگ سک راکٹ سائنس پر عبور رکھتے ہیں جو پہلی مرتبہ 2012 میں اس وقت منظرعام پر آئے جب شمالی کوریا نے کامیاب راکٹ تجربہ کیا تھا۔

دوسری جانب امریکا کی جانب سے حالیہ پابندی کے بعد روس نے واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔