واشنگٹن۔ (اے پی پی) آئندہ چند ماہ کے دوران ہزاروں مہاجرین امریکا پہنچنے والے ہیں، حکام کو ان کے لیے بنیادی سہولیات کا انتظام کرنا ہو گا تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ شورش زدہ علاقوں سے آنے والے مہاجرین کی ذہنی صحت ایک مسئلہ ثابت ہو سکتی ہے۔امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ جنگ زدہ علاقوں سے آنے والے پناہ گزین تلخ حقائق اور انتہائی دشوار گزار حالات اور واقعات کا سامنا کر چکے ہوں گے اور ایسے منفی تجربات اور یادیں اپنے دماغ سے ہٹانے کے لیے انہیں نفسیاتی مدد کی ضرورت پڑے گی۔ وورسیسٹر، میساچوسٹس کے رہائشی بتیس سالہ ایحام الحورانی نے امریکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں کہ وہ اپنی ذہنی صحت کے بارے میں سوچ بھی سکیں۔ انہوں نے بتایا، کہ ہم بہت مشکل حالات میں یہاں آئے ہیں اور مہاجر کیمپ میں ہم نے بہت مشکل حالات میں وقت گزارا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ اب ہم یہاں پہنچ چکے ہیں۔ امریکا میں جو ادارے تارکین وطن کی دیکھ بھال کریں گے، ان کا موقف ہے کہ اس وقت مہاجرین کی ذہنی صحت یا اس کی ضروریات کے بارے میں اندازہ لگانا قبل از وقت ہو گا تاہم ماہرین کے مطابق یہ لازمی ہے کہ نئے آنے والے پناہ گزینوں کی ذہنی و جذباتی حالت و کیفیات پر شروع ہی سے نظر رکھی جائے کیونکہ عموماً ایسی کیفیتوں کے آثار کئی ماہ بعد نمودار ہوتے ہیں۔