واشنگٹن ۔ (ملت+اے پی پی) امریکی حکومت نے آئندہ 10 سال تک اسرائیل کو 38 ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر ناورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی کا معاہدہ 2016ء میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے پر اب عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو سالانہ 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دینے کا پابند ہے اور آئندہ دس سال تک امریکا یہ امداد نقد رقم اور دفاعی سازو سامان کی شکل میں فراہم کرے گا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ اسرائیل کے لیے فوجی امدادی پیکج کو کانگریس میں دونوں بڑی جماعتوں ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس کی طرف سے حمایت حاصل رہی ہے۔