واشنگٹن۔ (ملت+اے پی پی) امریکا نے روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھرنورٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ پابندیاں برطانیہ میں مقیم روسی جاسوس سرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی جولیا پر گذشتہ مارچ میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں نووی چوک نامی اعصابی زہر کے استعمال کے الزام کی بنیاد پر لگائی گئی ہیں اور ان کا مقصد کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے استعمال پر روسی حکومت کو سزادینا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ روس کا یہ مبینہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جن کے تحت کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال ممنوع ہے۔ ترجمان کے مطابق نئی پابندیوں پر عمل درآمد سے قبل امریکی کانگریس کی طرف سے دو ہفتے کا نوٹس پیریڈ دیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ نئی پابندیوں کے تحت روس کو قومی سلامتی کے حوالے سے حساس ٹیکنالوجیز کی فروخت بھی روکی جاسکتی ہے۔