خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کا شام میں اسد رجیم پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کا اعلان

فلوریڈا (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکا نے شام میں اسد رجیم پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخزانہ اسٹیف منوچین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت جلد ہی اسد رجیم پر نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرے گی۔ فلوریڈا میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت شام میں نہتے شہریوں کے خلاف مہلک کیمیائی گیس کے استعمال کے جواب میں اسد رجیم کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی ایک نئی فہرست تیار کررہی ہے۔منوچین نے بتایا کہ مجوزہ پابندیاں انتہائی موثر ہوں گی اور کسی بھی شخص اسد رجیم کے ساتھ تجارتی روابط اور لین دین سے روک دیں گی۔خیال رہے کہ امریکی حکومت نے شام میں صدر بشار الاسد پر نئی اقتصادی پابندیاں ایک ایسے وقت میں عاید کرنے کی تیاری شروع کی ہے جب گذشتہ روز امریکی فوج نے شام میں ایک سرکاری فوجی اڈے پر 59 کروز میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں فوجی اڈے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔امریکی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹوماہاک طرز کے 59 میزائلوں سے الشعیرات کے فوجی اڈے پر موجود جنگی جہازوں، لاجسٹک سپورٹ سنٹر، ایندھن کے مراکز، فضائی راڈار سسٹم اور اسلحہ کے ذخائر کو تباہ کیا گیا ہے۔امریکا نے یہ حملہ چار اپریل کو ادلب میں خان الشیخون کے مقام پر مبینہ کیمیائی حملے کے رد عمل میں کیا ہے۔ مشتبہ کیمیائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت سو کے قریب شہری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔