خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کا شمالی کوریا پر بڑے سائبر حملے کا باقاعدہ الزام

امریکا کا شمالی کوریا پر بڑے سائبر حملے کا باقاعدہ الزام
واشنگٹن(ملت آن لائن) امریکا نے شمالی کوریا پر ایک بڑے سائبر حملے کا باقاعدہ الزام عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں شمالی کوریا کے وانا کرائی نامی سائبر حملے سے150 ممالک میں 3 لاکھ کمپیوٹر متاثر ہوئے تھے۔ اس حملے کا نشانہ بننے والے کمپیوٹر اپنے مالکان سے پاس ورڈ بتانے کیلئے رقم کا مطالبہ کرتے تھے۔ امریکا کے ہوم لینڈ سکیورٹی ایڈوائزر ٹام بوزرٹ نے معروف امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے ذریعے اعلان میں کہا کہ اس سائبر حملے کے نتیجہ میں دنیا بھر میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا اور شمالی کوریا اس کا براہ راست ذمہ دار ہے اور یہ الزام ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عائد کئے گئے ہیں۔ اس حملے کا نشانہ بننے والے کمپیوٹرز میں برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروسز، ہسپانوی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی فونیکا اور امریکا کی لاجسٹکس کمپنی فیڈ ایکس کے کمپیوٹر شامل تھے۔ امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے اس حملے نے دنیا بھر میں متعدد افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔