خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کا عراق میں مزید 200فوجی بھیجنے کا فیصلہ

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا نے داعش کے خلاف لڑائی میں شامل ہونے کے لیے مزید دو سو فوجی عراق بھیجنے کا فیصلہ کرلیا،دہشتگردوں کے خلاف لڑنے کیلئے امریکی فوجیوں کی تعداد چار ہزارسے بڑھ گئی۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بغداد میں وزیر اعظم حیدرالعبادی سے ملاقات کی، اس موقعے پر انہوں نے عراق میں اضافی فوج بھیجنے کا اعلان کیا،انھوں نے کہا کہ عراق میں داعش کے خلاف کارروائی کے لیے جنگی ہیلی کاپٹرز بھی بھیجے جائیں گے ۔ وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ مزید دو سو فوجیوں کی شمولیت سے ان کے عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد چار ہزار ایک سو ہو جائے گی ۔ اضافی فوجیوں کے ساتھ ساتھ عراق میں داعش کےخلاف کارروائی کےلئے پہلی مرتبہ اپاچی ہیلی کاپٹرز بھی بھیجے جائیں گے۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے عراق کے فوجی حکام سے بھی ملاقات کی،اس کے ساتھ امریکا داعش سے برسرِ پیکار کرد فورسز کو بھی چالیس کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔