خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کو پاکستان اورسعودی عرب سےخطرہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

فلوریڈا:( اے پی پی) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کو ان افراد سے خطرات لاحق ہیں جن کی جڑیں پاکستان اور سعودی عرب میں ہیں۔ فلوریڈا اسکوائر پر تقریر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فلوریڈا کے کلب پر فائرنگ کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو امریکا میں مہاجرین بن کر داخل ہورہے ہیں اور ہمارے بچوں کو اپنے قبضے میں لے کر یہ بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ داعش اور اسلام کتنا خوبصورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے بچوں، خواتین اور امریکیوں کی قیمتی زندگیوں کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں ان شدت پسندوں کے بارے میں سب کو بتانا ہوگا اور ہمیں یہ ابھی کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فلوریڈا کے کلب میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا جب کہ 9/11 حملوں میں بھی یہی لوگ ملوث تھے جن کی جڑیں پاکستان، افغانستان اور صومالیہ سے ملتی ہیں اور ایسی ہی افراد امریکا کے لیے خطرہ ہیں۔ ٹرمپ نے امیگریشن کے حوالے سے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امیگرشن پر پابندی اس وقت رہے گی جب تک ہم امریکا میں داخل ہونے والے تمام افراد کی نگرانی کرنے کی پوزیشن میں نہ آجائیں کیونکہ یہ لوگ ہم میں شامل ہورہے ہیں۔