خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کی اسرائیلی فوجیوں پر ٹرک حملے کی مذمت

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی محکمہ خارجہ نے مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والے ٹرک حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اِسے خوفناک قرار دیا ہے۔وائس آف امریکا کے مطابق معاون ترجمان مارک سی ٹونر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد کی جانب سے موٹر گاڑی کا خوفناک حملہ تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے ظالمانہ اور احمقانہ حملوں کی کسی طور پر کوئی معقول وجہ نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا دہشتگردی کی ستائش کی کسی بھی کوشش کا اب یا اس سے قبل ہمیشہ مذمت کرتا آیا ہے اور تمام فریقوں کو یہ واضح پیغام بھیجتا ہے کہ دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ترجمان نے ہلاک ہونے والے چار فوجیوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے جب کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔