تہران: (ملت آن لائن) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں، لیکن مذاکرات ایسے ہوں جس پر عمل درآمد ہو، دونوں ممالک اس پر عمل کریں۔
پوچھے گئے ایک سوال پر جواب ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران جوہری ڈیل سے دست برداری کے بعد یورپی ممالک نے ایران کا بہت ساتھ دیا۔
ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش
اس سے قبل رواں سال مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد کہا تھا کہ ایران مذاکرات کرے یا پھر کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔