خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کی جوہری فورس اب بھی فلاپی ڈسکس استعمال کررہی ہے،رپورٹ

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا کی جوہری فورس اب بھی صدر جیرالڈ فورڈ کے زمانے کی فلاپی ڈسکس استعمال کررہی ہے ۔اس بات کا انکشاف امریکی سرکاری ادارے اکاؤنٹبیلٹی آفس نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے ۔رپورٹ میں امریکی سرکاری اداروں میں متروک اور پرانے مواصلاتی نظام کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کیاگیا ۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ امریکی جوہری فورس کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل جوہری بم گرانے والے ہوائی جہاز اور ٹینکر سپورٹ ایئر کرافٹ جیسے شعبے بھی 1976ء کے زمانے کے آئی بی ایم سیریز ون کمپیوٹر اور 8انچ کی فلاپی ڈسکس استعمال کررہے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع کی خاتون ترجما ن لیفٹننٹ کرنل ویلری پینٹراسن نے بتایاکہ پرانے نظام اس لئے زیر استعمال ہیں کہ یہ ابھی تک ٹھیک کام کررہے ہیں تاہم آئندہ سال کے آخر تک ان کی جگہ جدید اور محفوظ آلات کااستعمال شروع کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پوری امریکی جوہری فورس کی ماڈرنائزیشن پر بھی کام جاری ہے جس کیلئے حکومت نے 19.2ارب ڈالر کی خطیر رقم فراہم کی۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی وزارت خزانہ ابھی تک 1950 ء کے عشرے کا اسمبلی لینگویج کوڈ استعمال کررہی ہے۔ رپورٹ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ امریکی سرکاری محکموں میں کام کرنے والے آئی ٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں طویل وقت لگ سکتاہے۔