خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کی شمالی کوریا سے کشیدگی، تین لڑاکا طیارے ایشیا روانہ

واشنگٹن(آن لائن)امریکا نے شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کے بعد طویل فاصلے سے مار کرنے والے تین اسٹیلتھ بمبار طیارے ایشیا روانہ کردیے ہیں جو جنگی مشقوں میں حصہ لیں گے۔یہ لڑاکا طیارے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔امریکا کے بحرالکاہل کے خطے میں فضائیہ کے کمانڈر جنرل لوری جے رابنسن نے کہا ہے کہ ”حالیہ واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پورے ہند ،ایشیا بحرالکاہل خطے میں قابل اعتبار فضائی قوت برقرار رکھی جائے”۔ امریکا کے فوجی حکام نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ان لڑاکا طیاروں کو کہاں رکھا جائے گا۔یہ بی۔2 سپرٹ بمبار طیارے ہیں اور امریکی فضائیہ کے پاس ایسے بیس طیارے ہیں۔امریکا نے یہ طیارے شمالی کوریا کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کے بعد بھیجے ہیں۔شمالی کوریا نے ان میزائلوں کا اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں تجربہ کیا تھا۔قبل ازیں شمالی کوریا نے جوہری بم کا ایک اور تجربہ کیا تھا اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے چھے راکٹ چھوڑے تھے۔ #/s#