خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کی شمالی کوریا کےبیلسٹک میزائل تجربےکی مذمت

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا نے شمالی کوریا کی جانب سے آبدوز کے ذریعے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے یہ تجربہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ ٹوکیو میں ملاقات کر رہے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے سنپو کے سمندری علاقے میں موجود آبدوز سے کے این 11بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ میزائل نے تقریباً پانچ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور بحیرہ جاپان میں گر گیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے خدشات کا اظہار اقوام متحدہ میں کرے گا۔جنوبی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق بیلسٹک میزائل جاپان کی فضائی دفاع کی طے کردہ حدود کے اندر گرا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اس پر حملے کی مشق ہے اور اس کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا جنگ کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔