خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کی 40 ریاستیں سردی کی لپیٹ میں، 9 افراد ہلاک

امریکا کی 40 ریاستیں سردی کی لپیٹ میں، 9 افراد ہلاک

واشنگٹن(ملت آن لائن) امریکا سخت سردی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد9 ہو گئی۔امریکی نشریاتی دارے کے مطابق موسمیات کے قومی ادارے نے 40 امریکی ریاستوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے اور سردی میں مزید اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ایک ٹویٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ آرکٹک سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے بہت نیچے گر جائے گا جس کے باعث آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے وسطی اور مشرقی علاقے میں خطرناک قسم کی سرد ہوائیں چلیں گی۔ ٹیکساس، لوئیزیانہ، مسی سیپی اور الاباما شامل میں برف کی سخت تہ جمنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ الاباما کے شہر کلمن کے قریب علاقے میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ الاباما کے دوسرے شہر، موبیل میں منفی سات تک گر چکا ہے۔درجہحرارت منفی نکتے پر گرنے کے بعد، ملک کے ہسپتالوں میں سردی اور اسی طرح کی دیگر بیماریوں میں مبتلہ افراد ایمرجنسی میں طبی امداد کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے… پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے، چین

بیجنگ(ملت آن لائن) چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے زبردست کوششوں کے ساتھ ساتھ بے پناہ قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ سے بریفنگ کے دوران ٹرمپ کی پاکستان پر حالیہ تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور انسداد دہشت گردی کے عالمی مقصد کیلئے پاکستان نے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہیں اس لئے بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے،چین کو خوشی ہے کہ پاکستان علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی غرض سے باہمی احترام کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سمیت عالمی تعاون میں مصروف ہے،چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست ہیں اور ہم دونوں ممالک کے فائدے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے بڑی کوششیں کی ہیں،پاکستان نے بین الاقوامی انسداد دہشت گردی کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، چین اور پاکستان کو ہر ماحول میں اسٹریٹجک شراکت داری کو قائم رکھنا ہے، چین اپنے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کے لوگوں کو مزید فائدہ پہنچانے کا خواہش مند ہے۔