خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کےسابق اعلی فوجی افسران کا ٹرمپ کی حمایت کا اعلان

نیویارک: (آئی این پی) امریکا کے سابق اعلی فوجی افسران نے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک خط میں ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ہی امریکی سیکورٹی پالیسی کی سمت درست اور داعش کو شکست دے سکتے ہیں ۔نیو یارک ٹائمز کے مطابق نوے ریٹائرڈ امریکی فوجی جرنیلوں کی جانب سے جاری کے گئے خط میں ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سیکورٹی پالیسی کی سمت کو درست کرسکتے ہیں اور 2016 کے صدارتی انتخابات عوام کو یہ موقع فراہم کرتے ہیں ۔میڈیا کو جاری کیے گئے خط کے مطابق امریکی ریٹائرڈ سینئر فوجیوں کا کہنا تھا کہ ٹرمپ دنیا بھر میں امریکا کو درپیش خطرات کا سامنا کر سکتے ہیں، وہ نہ صرف سرحدوں کا سامنا کر سکتے ہیں بلکہ داعش کو بھی شکست دے سکتے ہیں ۔جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازع بیانات کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اسی طرح ان سابق فوجیوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں کہ جو خود بھی متنازع رہے ہیں ۔ان میں ایسے فوجی افسران بھی ہیں کہ جو ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے مخالف تھے ۔ٹرمپ کی حمایت کرنیو الوں میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ولیم بوئیکن بھی ہیں جنہیں سابق صدر جارج بش نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔جنرل بوئیکن نے اسلامی شدت پسندوں کے خلاف جنگ کو اسلام اور عیسائیت کے درمیان پراکسی وار قرار دیا تھا۔