خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ درج کرا دیا،ایرانی صدر

تہران : (اے پی پی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے سینٹرل بینک سے تقریبا دو ارب ڈالر کی ڈکیتی اور ان کو ضبط کرنے پر امریکا کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ایران کے سرکاری خبرساں ادارے کے مطابق مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ افطار پارٹی کے موقع پر مزید کہاکہ حکومت ایران اپنی قوم کے حقوق کے حصول، دو ارب ڈالرز کی واپسی اور ایران کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے تک اس کیس کی پیروی کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکی عدالت نے غیر قانونی فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ان امریکیوں کے اہل خانہ کو دی جائے جو لبنان میں مارے گئے اور یہ بات واضح نہیں ہے کہ امریکی لبنان میں کیا کر رہے تھے اور اس مسئلے کا ایران سے کیا تعلق ہے۔امریکی سپریم کورٹ نے گزشتہ اپریل میں لبنان میں سنہ 1983 میں بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کے اہل خانہ کو ایران کے منجمد کئے گئے اثاثوں سے تقریبا دو ارب ڈالر دینے کی توثیق کی تھی۔