خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ؛ جنگل کی آگ سے اموات 10 ہو گئیں

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی ریاست ٹینیسی کے مختلف علاقوں میں جنگل میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر10 ہو گئی جبکہ7 سو عمارتیں اور 12 ہزار ایکٹر رقبہ متاثر ہوا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست کے شہرگٹلین برگ اور پیجن فورج سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مدد ملی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آگ دوبارہ بھڑک سکتی ہے کیونکہ کئی ماہ سے خشک سالی کی وجہ سے زمین بے حد خشک ہو چکی ہے۔اطلاعات کے مطابق آگ پیر کو ایک شخص کی وجہ سے لگی اور اس کے نتیجے میں سیاحی شہر گٹلین برگ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں سے 14 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔گٹلین برگ فائر بریگیڈ کے چیف گریگ ملر کے مطابق آگ کے نتیجے میں جگہ جگہ درخت اور بجلی کی تاریں گر رہی تھیں اور ہمیں چند منٹ کے اندر اندر 20 مقامات پر آگ بجھانے کے لیے جانا پڑا جہاں آگ بڑھتی ہی جا رہی تھی۔گٹلین برگ میں آگ کے نتیجے میں جھلسنے والے 45 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور علاقے میں تقریباً 7 سو عمارتیں آگ کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ٹینیسی کے محکمہ زراعت کے مطابق 26 مقامات پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں 12 ہزار ایکٹر رقبہ متاثر ہوا۔ٹینیسی کے علاوہ ہمسایہ ریاست جنوبی اور شمالی کیرولینا بھی کئی ماہ سے خشک موسم کی وجہ سیمختلف مقامات پر لگنے والی آگ سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔