خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ افغانستان کو 12 اضافی ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا:افغان فضائیہ

کابل(آئی این پی)افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 43 شدت پسند ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ 13کوگرفتار کرلیا گیا ،کاروائیوں کے دوران 7افغان فوجی بھی مارے گئے ،مشرقی صوبہ کنڑ میں افغان سیکورٹی فورسز نے طالبا ن کا بڑا حملہ ناکام بنادیا جوابی کاروائی میں 28طالبان جنگجو ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 11افغان فوجیوں کی ہلاکت کادعویٰ کیا ہے ،زابل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ بگرام ائیربیس پر راکٹحملے میں 2شہری زخمی ہوگئے، جنوبی صوبہ قندھار میں افغان آرمی کے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلا ع نہیں ملی جبکہ طالبان نے ہیلی کاپٹر کو مارگرانے اور اس میں سوار تمام فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ،ادھر طالبان نے زنا کے الزام میں ایک خاتون کو بے دردی سے گولی مار کر ہلا ک کردیا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ،دوسری جانب افغان فضائیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان کو 12 اضافی ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا جس کی فراہمی اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی ۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے 17صوبوں میں فوجی اور کلین اپ آپریشن کیے جس میں 43شدت پسندہلاک اور 15زخمی ہوگئے جبکہ 13 کو گرفتار کرلیا گیا ۔ہلاک ہونے والوں میں 6غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع باٹی کوٹ میں فضائی کاروائی کے نتیجے میں داعش کا ایک جنگجو ہلاک اور3 زخمی ہوگئے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی آپریشز کے دوران 7افغان فوجی بھی مارے گئے ۔مشرقی صوبہ کنڑ میں افغان سیکورٹی فورسز نے طالبا ن کا بڑا حملہ ناکام بنادیا جوابی کاروائی میں 28طالبان جنگجو ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے ضلع غازی آباد میں سیکورٹی پوسٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے حملہ کیا۔صوبائی گورنر وحید اللہ کلیمزئی کا کہنا ہے کہ طالبان کی طرف سے حملہ جمعہ کی رات کیا گیا جس کے بعد لڑائی کا سلسلہ اگلے روز تک جاری رہا اس دوران ایک افغان فوجی ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگئے۔طالبان گروپ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی ٰ کیا ہے کہ افغان فورسز کے ساتھ لڑائی میں 2طالبان جنگجو ہلاک اور 5زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جھڑپ کے دوران 11 افغان فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔صوبہ زابل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4بچے جاں بحق ہوگئے ۔ضلعی انتظامیہ کے افسر وزیر محمد جوادی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا ہے ۔ بگرام ائیربیس پر راکٹ حملے میں 2شہری زخمی ہوگئے ۔صوبائی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ بگرام ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا راکٹ ایک گھر پر گرا جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے ۔ جنوبی صوبہ قندھار میں افغان آرمی کے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلا ع نہیں ملی۔صوبائی گورنر کے ترجمان صمیم کھوپلواک کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع شاہ ولی کوٹ میں پیش آیا۔ہیلی کاپٹر افغان فوجیوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کررہا تھا جسے فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرناپڑی۔ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ ہیلی کاپٹر پر سوار کسی بھی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا۔طالبان نے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے جنگجوؤں نے ہیلی کاپٹر کو مار گرایا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی مارے گئے ۔ادھر صوبہ جاؤزجان میں طالبان نے زنا کے الزام میں ایک خاتون کو گولی مار کر ہلا ک کردیا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ۔خاتون کو ضلع آقچا کے گاؤں خانقاں میں ہلاک کیاگیا ۔ویڈیو میں دکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کوایک صحرا میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے بعد گولی مار دی جاتی ہے ۔امریکہ افغانستان کو 12 اضافی ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔افغان فضائیہ کے مطابق امریکہ کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کی فراہمی اگلے ماہ شروع ہوجائے گی اور یہ عمل تین ماہ میں مکملہوجائیگا۔افغان ائیر فورس کے کمانڈر جنرل عبدالواہاب وردک کا کہنا ہے کہ جون سے اگست تک ہر ماہ 4 ہیلی کاپٹر دیئے جائیں گے ۔