خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ اوراقوام متحدہ کی بھارتی فوج پرحملے کی مذمت

واشنگٹن (آئی این پی ) امریکہ نیمقبوضہ کشمیر کے اْڑی سیکٹر میں بھارتی فوج پر حملے کی مذمت کی ۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکہ 18 ستمبر کی صبح کشمیر میں انڈیا کے فوجی کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ کربی نے ایک بیان میں کہا کہہم حملے کا شکار ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف انڈیا کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت کے عہد کا پابند ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی اڑی میں ہونے والے شدت پسند حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ بانکی مون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بانکی مون کے ترجمان نے ان کا بیان پڑھتے ہوئے کہاکہ’اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل امید کرتے ہیں کہ اس واقعے کو انجام دینے والوں کی نشاندہی کی جائے گی اور انھیں سزا دی جائے گی۔ اس حملے میں انڈیا کے 17 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے ساتھ تصادم میں چار مشتبہ شدت پسندوں کو مارنے کا دعوی کیا ہے۔