خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ اورعالمی برادری پناہ گزینوں کو پناہ اورامداد کی فراہمی یقینی بنائیں، بان کی مون

اقوام متحدہ :(اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے امریکہ اور دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ پناہ گزینوں اور تارکین وطن کو امداد کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ریسٹلمنٹ سنٹر میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بان کی مون نے کہاکہ امریکہ اور دیگر ممالک کو “دیوار یں “کھڑی کرنے کی بجائے “پل “تعمیر کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر تقریب میں موجود پناہ گزینوں اور تارکین وطن کویقین دلایا کہ وہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں ، نقل مکانی کرنے والوں اور تارکین وطن کو امدا دکی فراہمی کیلئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ 19ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس معاملے پر غوربھی ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ شام اور دیگر بحران زدہ خطوں کے پناہ گزینوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرناامریکہ اورعالمی برادری کی ذمہ داری ہے ۔