خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ ایف سولہ طیارے، بھارت میں تیار کرے گا

نئی دہلی : (اے پی پی) جدید ترین امریکی ایف سولہ طیارے بھارت میں تیار کئے جائیں گے۔امریکہ کی طیارہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ وہ بھارتی فضائیہ کے تعاون سے جدید ترین ایف 16 طیارے، ہندوستان میں تیار کرنے کرنے کے لئے پوری طرح آمادہ ہے۔ لاک ہیڈ مارٹن کے ڈائریکٹر ٹرید پروموشن رینڈل ایل ہاورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان اور دیگر ملکوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے جدید ترین ایف 16 طیاروں کی پروڈکشن لائن ٹیکساس سے بھارت منتقل کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔ انہوں نے بھارت کو دی جانے والے اس پیشکش کو انتہائی غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف 16 طیارے نہ صرف بھارت میں تیار ہوں گے بلکہ بھارتی فضائیہ انہیں استعمال بھی کرسکے گی۔ انہوں نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر ہندوستان کے اعتراض کے بارے میں کہا کہ یہ معاملہ بھارت اور امریکہ کی حکومتوں کے درمیان حل ہونا چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ بھارت کے پاس جنگی طیاروں کے 33 اسکواڈرن ہیں اوربھارت قدیم ترین مگ 21 اور مگ 27 طیاروں کے اسکواڈرن کو اپنے فضائی جنگی بیڑے سے عنقریب خارج کرنا چاہتا ہے۔