بیجنگ ۔(ملت آن لائن) چین نے امریکا سے ایک چین کے اصول پر قائم رہنے کی اپیل کی ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہووا چْن ینگ نے دارالحکومت بیجنگ میں معمول کی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ کل امریکی بحری بیڑے کے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس کرٹس وِلبر اوریو ایس ایس اینٹی ٹیم باسفورس تائیوان سے گزرے۔ ہم ان حرکات و سکنات پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور ہم نے واشنگٹن انتظامیہ کو اس بارے میں اپنے اندیشوں سے آگاہ کر دیا ہے۔ہووا نے کہا کہ مسئلہ تائیوان چین کی زمینی سالمیت اور خودمختاری کے حقوق سے متعلق ہے اور اس کے ساتھ ساتھ چین اور امریکہ کے باہمی تعلقات میں اہم ترین اور حساس ترین موضوع کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایک چین کے اصول پر کاربند رہے۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو اور تائیوان باسفورس کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لئے واشنگٹن انتظامیہ کا تائیوان سے متعلق موضوعات پر زیادہ محتاط روّیے کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔