خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ ترکی میں بغاوت کیلئے چالیں چل رہا ہے : اردوان

امریکہ ترکی میں بغاوت کیلئے چالیں چل رہا ہے : اردوان

انقرہ : (ملت آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ امر یکہ ترکی میں سیاسی بغاوت کرانے کیلئے چالیں چل رہا ہے ، اپنی سیاسی جماعت ‘اے کے پارٹی’ کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ15جولائی2016کو ترکی میں بغاوت کرنے میں ناکام رہنے والے اب مختلف طریقوںسے اپنے عزائم کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ امریکہ دہشت گرد تنظیم فیتو، سی آئی آئے اور ایف بی آئی کے ذریعے ترکی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہاہے ۔ اردوان کا کہنا تھا کہ القدس مسلم اُمہ کے لیے ایک سرخ پٹی کی حیثیت رکھتا ہے ، امریکہ کے تعاون سے شمالی شام میں دہشت گردوں کی ایک راہداری بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ حالیہ 15 برسوں میں ترکی کی ترقی سے بے چینی محسوس کرنے والے بعض حلقے ترکی سے حسد کرتے ہیں،یہ چاہیں جتنی بھی اُچھل کود کیوں نہ کر لیں ہم اپنے سفر کو مصمم طریقے سے جاری رکھیں گے۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…ٹرمپ کا میڈیکل چیک اپ جمعہ کوہوگا، دماغی معائنہ شامل نہیں

نیویارک : (ملت آن لائن)وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری بیانیے میں کہا گیا ہے کہ صدر کے دماغی توازن کی خرابی کا پروپیگنڈہ کیا گیا،وہ ذہین انسان ہیں۔، وائٹ ہاؤس کے نائب پریس سیکرٹری ہوگن گڈلے کے مطابق ٹرمپ کے طبی معائنے میں دماغی معائنہ شامل نہیں ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ میڈیا میں صدر ٹرمپ کا دماغی توازن ٹھیک نہ ہونے سے متعلق پروپیگنڈہ کیا گیا جب کہ صدرذہین اور فوری فیصلہ ساز ہیں۔ٹرمپ کا طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں ہوگا۔ دوسری جانب امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں ایک فٹ بال میچ سے پہلے قومی ترانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد امریکہ میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا صدر ٹرمپ کو امریکہ کا قومی ترانہ یاد بھی ہے یا نہیں۔ اس میچ میں ٹرمپ قومی ترانہ بجائے جانے کے وقت کھڑے ہوئے اور قومی ترانے کے الفاظ پر ہونٹ بھی ہلاتے رہے جبکہ ان کے ناقدین نے کہا کہ ترانے کی ویڈیو سے صاف نظر آ رہا تھا کہ انھیں پورا ترانہ یاد نہیں ہے ۔