خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ میں پولیس کےنسل پرستانہ رویئےکےخلاف احتجاج

نیو یارک: (اے پی پی) سیکڑوں امریکی شہریوں نے سیاہ فام باشندے کے قتل میں ملوث سفید فام پولیس افسران کی بریت کے خلاف ایک بار پھر مظاہرے کیے ہیں۔شہری حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی اپیل پر ہونے والے اس مظاہرے کے شرکا امریکی پولیس کے نسل پرستانہ رویئے اور عدالت کے جانبدارانہ فیصلے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر “سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہم ہے” جیسے نعرے درج تھے۔قابل ذکر ہے کہ امریکی عدالت نے جیمزکلارک نامی سیاہ فام امریکی نوجوان کے قاتل پولیس افسران کو یہ کہتے ہوئے بری کردیا تھا کہ ان کے خلاف کافی شواہد موجود نہیں ہیں۔ جیمز کلارک کو گزشتہ سال نومبر میں مذکورہ پولیس افسران نے مینے پولس کے علاقے میں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جس کے خلاف پورے امریکہ میں زبردست مظاہرے ہوئے تھے۔شہری حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ وہ سیاہ فام نوجوان کے قاتل پولیس اہلکاروں کی بریت کے خلاف مظاہرے جاری رکھیں گی۔