امریکہ نے افغان حکومت کا اعلان جنگ بندی مسترد کر دیا
حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں،ٹرمپ
واشنگٹن /کابل(آئی این پی)امریکہ نے افغان حکومت کے جنگ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے طالبان اور دیگر جنگجوؤں خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں سینئر ملٹری کمانڈر کی جانب سے طالبان اور داعش کے خلاف نئی جنگی حکمت عملی وضع کرنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ طالبان کے تازہ حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغان حکومت، افغان نیشنل ڈیفنس اور سکیورٹی فورسز کو درپیش طالبان اور داعش کے حملوں کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے امریکی قانون سازوں کو مطلع کیا ہے کہ طالبان کے خلاف بھی جنگی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔واضح رہے کہ افغان حکومت نے عیدالفطر پر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔