خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ نے ایران کو خطے کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ دیدیا

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکہ نے ایران کو خطے کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو عراق، شام اور دوسرے عرب ممالک میں ایرانی مداخلت پر گہری تشویش ہے، ایران عرب ممالک میں موجود اہل تشیع کی آڑ میں اپنے دیگر مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے اور ان ممالک میں اپنا اثرو نفوذ بڑھا رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزیف فوٹیل نے امریکی سینٹ کی مسلح افواج کے امور کی نگراں کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کے ممالک کی سلامتی کے لیے ایران کا خطرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو عراق، شام اور دوسرے عرب ممالک میں ایرانی مداخلت پر گہری تشویش ہے۔ ایران عرب ممالک میں موجود اہل تشیع کی آڑ میں اپنے دیگر مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے اور ان ممالک میں اپنا اثرو نفوذ بڑھا رہا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کی سلامتی پوری دنیا کی سلامتی سے مربوط ہے مگر اس وقت ایران کی وجہ سے مشرق وسطی کی سلامتی دا پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ خطے میں موجود امریکی فوج کو ایران نواز گروپوں کے حملوں کا بھی سامنا ہے۔ریڈیو وائس آف امریکا کے مطابق جنرل جوزیف فوٹیل نے کہا کہ ایران مشرق وسطی کے ممالک پر اپنا کنٹرول قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے کا استحکام تباہ وبرباد کرتے ہوئے اپنا اثرو نفوذ بڑھا سکے۔انہوں نے یمن کے ساحل کے قریب ایرانی بحری جہازوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔