خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا عندیہ دیدیا

اقوام متحدہ (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکہ نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا عندیہ دیدیا،اقوام متحدہ میں متعین امریکی خاتون سفیر نیکی ہالے کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاک بھارت امن عمل اور کشیدگی دور کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ میں متعین امریکی خاتون سفیر نیکی ہالے نے پریس کانفرنس کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں امریکہ کے کردار سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یہ بالکل درست ہے کہ امریکی انتظامیہ پاکستا ن اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں فکر مند ہے اور ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کس طرح سے ہم جاری تنازعہ کو ختم کرسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ امریکہ کچھ ہونے کا انتظار کیے بغیر پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں میں اپنی جگہ تلاش کرے گا۔انکاکہنا تھاکہ ڈونلڈ ٹرمپ پاک بھارت امن عمل اور کشیدگی دور کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سے پوچھا گیا کہ وہ ایک ہفتہ قبل امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کے اس بیان پر کیا تبصرہ کریں گی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بشارالاسد کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کریں گے۔اس سوال پر مسٹر ہالے نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ شامی عوام بشارالاسد کو اب اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ شامی عوام نے بشارالاسد کو کئی سال پہلے مسترد کردیا تھا۔نیکی ہالے نے کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ امریکا آئندہ انتخابات میں صدر بشارالاسد کی شمولیت کو قبول کرے گا۔امریکی سفیرہ کا کہنا تھا کہ بشارالاسد ایک ایسے شخص ہیں جنہیں اب شامی عوام نہیں چاہتے، میرا خیال ہے کہ شفاف انتخابات کی صورت میں عوام بشارالاسد کو مسترد کردیں گے۔