واشنگٹن:(اے پی پی) امریکہ نے بھارت کی طرف سے حال ہی میں کئے گئے بیلسٹک میزائل تجربہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس قسم کی کاروائیوں سے جوہری اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے خدشات میں ممکنہ طور پر اضافہ ہوسکتاہے۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کے حوالہ سے بتایاکہ ہمیں ایٹمی اسلحہ ،خواہ وہ کسی بھی شکل وصورت میں ہو، کے استعمال پر تشویش ہے لہذاہم تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایٹمی استعداد اور میزائل تجربات کو مقررہ حد میں رکھیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے ہر اقدام پر تشویش ہے اور ہم نے بھارت کے بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا ہے۔