بیجنگ(آئی این پی/شنہوا)چین نے جمہوریہ کوریا اور امریکہ کے درمیان کو ریا کے جزیرے میں میزائل نصب کرنے کے بارے میں مذاکرات پر گہرے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین کا میزائلوں کی تنصیب کے معاملہ پر موقف واضح اور مستقل ہے ، کس بھی ملک کو دوسرے ملک کی سلامتی کے لیے خطرات پیدا نہیں کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کے جزائر میں امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی جس سے امن اور استحکام کو نقصان پہنچے گا اور موجودہ صورت حال پر کی گئی کوششوں کو دھچکا لگے گا ۔ ترجمان نے کہا کہ چین کے نائب وزیر خارجہ نے جمہوریہ کوریا پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے اور امریکہ کو واضح طور پر سفارتی ذرائع سے بتادیا ہے کہ چین میں اس پر شدید اضطراب پایا جاتا ہے کہ اس سے خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا ۔