خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ کو اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ کرنا چاہیے، ٹرمپ

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی)ا مریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ امریکہ کو اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ کرنا چاہیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ امریکہ کو اپنی جوہری صلاحیت کو اس وقت تک بڑھانا چاہیے جب تک دنیا جوہری ہتھیاروں کے بارے میں ہوش نہیں سنبھالتی۔ بعد میں ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی ضرورت کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے چند گھنٹے قبل ہی روسی صدر ولادمیر پوتن نے کہا تھا کہ روس کو اپنی عسکری جوہری صلاحیت بڑھانی چاہیے۔آرمز کنٹرول اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس 7100 جبکہ روس کے پاس 7300 جوہری وار ہیڈ ہیں۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا تھا تاہم انھوں نے یورپی ممالک کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے امکان کو مکمل طور پر رد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔