خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ ہماری سلامتی کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائے ، چینی وزیر خارجہ

میونخ (آئی این پی/شنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جنوبی کوریامیں میزائل سسٹم نصب کرنے کے فیصلے سے علاقہ میں سلامتی کی صورتحال پیچیدہ ہو جائے گی ۔ یہاں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ جان کیری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ کے اس اقدام کی مخالفت کی اور کہا کہ چین نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے وہ امریکہ کے اس اقدام کا مخالف ہے ۔ یاد رہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا نے دور تک مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تنصیب پر بات چیت شروع کررکھی ہے ۔ امریکہ نے میزائل سسٹم نصب کرنے کا اعلان اس وقت کیا جب شمالی کوریا نے ایک سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا عزم ظاہر کیا ۔ امریکہ کا خیال ہے کہ یہ شمالی کوریا کی میزائل کا تجربہ کرنے کی کوشش ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس قسم کے تجربات پر پابندی لگا رکھی ہے ، امریکہ کا میزائل سسٹم دنیا کا جدید ترین سسٹم ہے جو بلاسٹک میزائل کو فضا میں اپنے نشانے پر پہنچنے سے پہلے تباہ کر سکتا ہے ۔ چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کا دورتک مار کرنے والا میزائل سسٹم پڑوسی ممالک کے لیے خطرے کا باعث ہے ، اس کی اس خطے میں قطعاً ضرورت نہیں ہے ، اس سے چین اور براعظم ایشیا کے ممالک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے ۔ انہوں نے امریکہ پر واضح کر دیا کہ وہ چین کی سلامتی کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائے اور خطے کے استحکام اور امن کو پیچیدہ نہ بنائیں ۔انہوں نے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی راکٹ کے تجربہ اورامریکی منصوبے دونوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مخالف قرار دیا ۔چین اور امریکہ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ علاقے میں ایٹمی دوڑ کو روکنے کے لیے کوئی نئی قرارداد سلامتی کونسل میں لے آئیں گے ۔شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں دونوں ممالک کے مقاصد میں شامل ہیں ، اس کے لئے مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ خطے کودوبارہ درست سمت میں لایا جا سکے جو چین اور امریکہ سمیت تمام فریقوں کے حق میں ہے ۔ دریں اثنا رائٹر کو ایک انٹرویو میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل جنگ سے نہیں مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں اور اس میں چین کی سلامتی کی ضمانت دی جانی چاہئے ۔