خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی افواج افغانستان سےنکل جائیں ،ملا ہیبت اللہ کا پہلا پیغام

کابل: (اے پی پی) افغان طالبان کے نئے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے اپنے پہلے پیغام میں امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ افغانستان سے فوری طور پر نکل جائے۔ افغان طالبان کے نئے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے طالبان کا امیر مقرر کیئے جانے کے بعد اپنے پہلےپیغام میں کہا کہ وہ حملہ آور امریکی افواج اور اس کے اتحادیوں کو کہنا چاہتے ہیں کہ وہ حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے افغانستان میں طاقت کا استعمال ترک کریں اور یہاں سے قبضہ ختم کردیں، افغانستان کے بہادر عوام ان کی طاقت اور تدبیروں سے کبھی بھی خوفزدہ نہیں ہوں گے کیونکہ غیر ملکی قابض افواج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونا ہی ان کی زندگی کا اہم مقصد ہے۔ ملا ہیبت اللہ کا کہنا تھا کہ امریکی افواج کے افغانستان میں قیام کی مدت بڑھانے سے افغان عوام کے جہادی عزم میں کسی قسم کی لغزش نہیں آسکتی کیونکہ امریکیوں کا مقابلہ کسی ایک گروپ یادھڑے سے نہیں بلکہ ایک قوم سے ہے۔ افغان طالبان کے سابق امیر ملا منصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد ملا ہیبت اللہ کومئی میں نیا امیر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد سے ان کا یہ پہلا پیغام ہے جس میں انہوں نے امریکی اور غیر ملکی افواج کو افغانستان میں مزید قیام کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔