خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، جارج ڈبلیو بش

امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، جارج ڈبلیو بش

واشنگٹں: (ملت آن لائن) سابق ریپبلکنز صدر جارج ڈبلیو بش بھی ڈیموکریٹس کی زبان بولنے لگے، روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت کا الزام، کہتے ہیں ثبوت موجود ہیں تاہم نتائج پر کتنا اثر پڑا معلوم نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے بھی پرائے ہونے لگے، امریکا کی حکمران جماعت ،ریپبلکنز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق صدر جارج ڈبلیو بش بھی ٹرمپ مخالفین کی زبان بولنے لگے۔ ابوظہبی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ امریکی انتخابات میں روسی مداخلت ایک حقیقت ہے جس کے ثبوت موجود ہیں تاہم نتائج پر کتنا اثر پڑا معلوم نہیں ہے۔ انہوں نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو بہترین سپہ سالار قرار دیا۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…امریکی طیاروں کے بشار الاسد حامی فورسز پر حملے، 100 جنگجو ہلاک

دمشق: (ملت آن لائن) گزشتہ روز کیے گئے ان حملوں کو کرد اور عرب اتحادی جنگجوؤں پر شامی حکومت نواز فورسز کے حملوں کو جواب قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی طیاروں نے بشار الاسد کی حامی فورسز پر حملے کر کے تقریباً 100 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان حملوں میں درجنوں شہریوں کے ہلاک ہونے اور زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ اور ایس ڈی ایف کیخلاف برسرِ پیکار حکومت کی حامی فورسز کو امریکی اتحادی طیاروں نے اپنی بمباری کا نشانہ بنایا۔ اس تازہ حملے کو امریکی جارحیت اور دہشتگردوں کی حمایت قرار دیا جا رہا ہے لیکن امریکا نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی حکام کا موقف ہے کہ شامی حکومت کی حامی فورسز درائے فرات کے مشرقی علاقے پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں اور اس حوالے سے پہلے ہی روس کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ادھر شامی فوج مشرقی الغوطہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ تازہ حملوں میں مزید 40 شہریوں کی ہلاکت جبکہ درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شامی طیاروں نے مشرقی الغوطہ کے 6 مختلف مقامات کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں خواتین اور بچوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔