خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی اٹارنی جنرل سے استعفے کے مطالبے پر ٹرمپ نا خوش

واشنگٹن (ملت + اے پی پی) امریکی ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ملکی اٹارنی جنرل پر مکمل بھروسہ ہے اور یہ کہ انہیں روسی سفیر سیرگئی کِسلیاک اور جیف سیشنز کے مابین رابطوں کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ انہوں نے سیشنز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایماندار شخص ہیں۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقت کی سمجھ بوجھ کھو بیٹھے ہیں۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران ان کے روسی سفارت کاروں کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے ہونے والی تفتیش میں اپنا دفاع کریں گے۔ جیف سیشنز کی صفائی کے باوجود کئی سینئر ڈیموکریٹ سیاست دانوں نے ان پر ’غلط بیانی‘ سے کام لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔